سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی سے قبل بھارتی فورسز نے محاصرے اورتلاشی کی کارروا ئیاں ، گھروں پر چھاپوں اور گاڑیوں،مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس سے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول اور لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی فورسز نے سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیزکردیاہے جبکہ سری نگر جموں ہائی وے سمیت اہم شاہرائوں پر گاڑیوں ، مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی اندھا دھند تلاشی لی جارہی ہے۔15اگست کو بھارت کے یوم آزادی سے قبل سیکورٹی کے نام پر کئے گئے ان اقدامات سے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول ہے۔ پورے مقبوضہ کشمیر میں زمینی اور فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اوربھارتی فوج ،پیراملٹری فورسز اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ، شاہرائوں پرجگہ جگہ نئی چوکیاں اوررکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔بھارتی فوج اور پولیس نے پہلے ہی گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ نئی دہلی کے زیر کنٹرول بی جے پی انتظامیہ نے تمام کشمیریوں کو 15اگست کو اپنے گھروں پر بھارتی پرچم لہرانے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری فورسزنے اسلام آباد، کشتواڑ، ادہم پور اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔