پیرس اولمپکس 2024میں امریکا 126میڈلز جیت کر پہلے نمبر پر رہا

13 اگست ، 2024

لاہور (نمائندہ جنگ)امریکا نے ویمنز باسکٹ بال میں گولڈ میڈل جیت کر پیرس اولمپکس میں بھی بالادستی قائم کردی۔ مقابلوں کے اختتام پر امریکا اور چین کے طلائی تمغوں کی تعداد 40،40برابر رہی۔پیرس اولمپکس 2024 میں مجموعی طور پر امریکا126میڈلز جیت کر پہلے نمبر پر رہا، چین 91 تمغے جیت کر دوسری پوزیشن پر رہا جبکہ جاپان 20 طلائی تمغوں سمیت 45 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔میڈلز ٹیبل پر پاکستان کا 62واں نمبر رہا جبکہ بھارت کی 71ویں پوزیشن رہی۔ 206میں سے 90 ممالک کے ایتھلیٹس نے سینے پر تمغہ سجایا۔پیرس اولمپکس کا آخری گولڈ میڈل مقابلہ ویمنز باسکٹ بال فائنل تھا جس میں امریکا اور میزبان فرانس کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز میچ میں امریکا نے 66ـ67 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔ اس گولڈ میڈل کی بدولت امریکا نے میڈل ٹیبل پر بھی پہلی پوزیشن حاصل کی، چین اور امریکا کے گولڈ میڈل 40ـ40 رہے، مجموعی طور پر امریکا نے 126اور چین نے 91میڈلز جیتے۔مینز باسکٹ بال فائنل میں بھی امریکا نے فرانس کو دلچسپ مقابلے بعد شکست دی اور گولڈ میڈل جیتا۔ بیچ والی بال کے فائنل میں سوئیڈن اور جرمنی کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں سوئیڈن نے اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ویٹ لفٹنگ کی 102 کلو گرام کیٹگری میں جارجیا کے لاشا تالاکھڈزے نے طلائی تمغہ جیتا۔ویمنز کے والی بال فائنل میں ٹاپ رینک اٹلی اور امریکا کے درمیان مقابلہ ہوا۔ جس میں اٹلی نے اپنی برتری ثابت کی اور 2 صفر کی کامیابی کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ مینز کے ہینڈ بال فائنل میں ڈنمارک نے جرمنی کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔مینز واٹر پولو ایونٹ کا گولڈ میڈل سربیا کے نام رہا، جس نے فائنل میں کروشیا کو شکست دی، برانز میڈل امریکا نے جیتا۔ویمنز کی میراتھون میں نیدرلینڈز کی صفان حسن نے آخری لمحات میں اپنی برتری قائم کی اور اسے جیت میں تبدیل کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا، وہ پانچ ہزار میٹر اور دس ہزار میٹر ریس میں بھی برانز میڈل جیت چکی ہیں۔