نئی دہلی (اے پی پی) جماعت اسلامی ہند نے وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مسلم کمیونٹی کے لیے ناقابل قبول قرار دیا ہےتفصیل کے مطابق جماعت اسلامی ہندکے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ایک بیان میں کہا کہ اس بل کا مقصد وقف املاک اور برادریوں کی خود مختاری اور سالمیت کو کمزور کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بل میں ʼʼکلیکٹر راجʼʼ کی ایک شکل متعارف کرائی گئی ہے جس میں کلکٹروں کو وقف املاک پر غیرمعمول اختیارات دیے گئے ہیں، وقف ٹریبونل کی فیصلہ سازی کے کردار کو نقصان پہنچایاگیا ہے اور وقف کے تصور کو ختم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کا مسودہ متعلقہ فریقین کے ساتھ بامعنی مشاورت کے بغیرتیار کیا گیاہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن جماعتیں اور جے ڈی یو اور ٹی ڈی پی جیسی این ڈی اے کی اتحادی جماعتیں بل کی مخالفت کریں گی ۔ انہوں نے کہا اگر ضرورت پڑی تو ہم سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے کیونکہ ترامیم آئینی دفعات اور انصاف کے منافی ہیں۔