لندن، لوٹن ( شہزاد علی) نیوٹاؤنارڈز میں مسجد پر حملے کے بعدپولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیاہے۔ مسجد کی عمارت پر پیٹرول بم پھنکاگیا، دیوار پر گریفیٹی سپرے بھی کیاگیا،مقامی مسلم کمیونٹی پریشانی میں مبتلا ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیوٹاؤنارڈز میں سنیچر کی صبح اردس مسجد پر حملے کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ گرین ویل سٹریٹ پر واقع عمارت پر پیٹرول بم پھینکا گیا جب کہ رات ایک بجے سےکچھ ہی دیر قبل اس واقعے کے دوران دیوار پر گریفیٹی کی گئی تھی۔ اتوار کو پولیس نے کہا کہ 42سالہ شخص کو قصبے میں دو پراپرٹیز کی تلاشی لینے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ افسران نے بتایا کہ اسے آتش زنی کی کوشش، پیٹرول بم رکھنے اور دھمکیاں دینے کی کوشش کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسلامی مرکز کے بانی عبدالرب نے بتایا کہ اس حملے نے ان کی کمیونٹی کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے لیکن وہ علاقہ چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔