فیض حمید کورٹ مارشل، یہ شروعات ، ابھی بڑے بت گرنا ہیں، فیصل واوڈا

13 اگست ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز) سیاسی رہنما فیصل واوڈا نے جنرل (ر) فیض حمید کے کورٹ مارشل کی خبر پر کہا ہے کہ دیرآید درست آید، یہ تو شروعات ہے ابھی بڑے بڑے بت گرنے ہیں۔اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوج نے پیغام دیا ہے کہ موجودہ قیادت ایمان دارہے، ٹاپ سٹی کا کیس اٹھے گا تو اور بھی کئی نام سامنے آئیں گے۔ 9 مئی والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا بھی احتساب ہوگا، بات صرف کرپشن تک نہیں رہے گی، جو پاکستان کو نقصان پہنچائے گا ٹھوک بجا کر ان کا احتساب ہوگا۔ سیاست دانوں سمیت چوریاں بچانے والے سب لوگوں کی باری ہے، جو بہت بڑے برج ہیں اب ان کی بھی باری ہے ان کو بھی گرنا ہے۔ فیض آباد دھرنا کیس تو چھوٹا ہے ابھی بہت بڑے کیسز سامنے آئیں گے، سپہ سالار کو مبارکباد دیتا ہوں جو ناممکن تھا وہ بھی ممکن کر دکھایا، آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی زمین پر لیٹ جائیں گے، آنے والے دنوں میں سب ننھے منے کاکے بن جائیں گے، سب اچھے بچے بن جائیں گے جن میں پی ٹی آئی پہلی لسٹ میں ہوگی۔