پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کا ذکر گونجتا رہا

13 اگست ، 2024

لاہور (نمائندہ جنگ)پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں بھی پاکستانی ہیرو اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا خصوصی ذکر کیا گیا۔ارشد ندیم نے جیولین تھرور کے مقابلے میں 92.97کی ریکارڈ تھرو کی تھی اور پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اکیلے شخص نے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔گزشتہ روز اولمپک اسٹیڈیم میں پیرس اولمپکس کا اختتام رنگارنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا جس میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اہلیہ سمیت شریک ہوئے۔اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے، مارچ پاسٹ کیا اور اختتامی تقریب میں دستوں کا مارچ پاسٹ کیا گیا جب کہ پاکستان کی نمائندگی ایتھلیٹ فائقہ ریاض نے کی۔ تقریب میں کمنٹیٹرز نے پاکستانی ہیرو اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا خصوصی ذکر کیا۔