قوم کا پیار دیکھ کر خوشی کے مارے نیند ہی نہیں آرہی، ارشد ندیم

13 اگست ، 2024

لاہور (نمائندہ جنگ)پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو کے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ قوم کا پیار دیکھ کر مجھے تو خوشی کے مارے نیند ہی نہیں آ رہی۔ گفتگو کرتے ہوئے پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا تھا ٹوکیو اولمپکس کے بعد پیرس اولمپکس کے لیے بہت محنت کی تھی، 2016 میں پہلا انٹرنیشنل ایونٹ کھیلا، 8 اگست کو محنت کا پھل ملا۔ارشد ندیم کا کہنا تھا میرے کوچ سلمان بٹ نے بہت ساتھ دیا، انہوں نے مجھے ہمت نہیں ہارنے دی، فیلڈنگ بڑی اچھی تھی، ٹریننگ کی بہت کی تھی اور پیچھے پوری قوم کی دعائیں اتنی زیادہ تھیں کہ مجھے پوری امید تھی اس بار گولڈ میڈل جیتوں گا۔انہوں نے کہا کہ جب دوسری تھرو کی 92 کی تو اسی وقت 90 فیصد یقین ہو گیا تھا کہ گولڈ میرا ہی ہے لیکن اس مقابلے میں ورلڈ چیمپئن شریک تھے اسی لیے آخری دم تک محنت جاری رکھی اور محنت کا صلہ بھی ملا۔ارشد ندیم کا کہنا تھا گھٹنے کی سرجری کے بعد دو مرتبہ انجری ہوئی، لیکن میرے کوچ اور فزیو نے بہت محنت کی۔