پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے درمیان پہلا چار روزہ میچ آج سے شروع

13 اگست ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے درمیان پہلا چار روزہ میچ منگل سے کھیلا جائے گا۔ پاکستان شاہینز کی جانب سے قومی ٹیم کی قیادت سعود شکیل کررہے ہیں جبکہ بنگلہ دیش اے کی کپتانی انعام الحق کریں گے۔ پیر کو اسلام آباد کلب میں پاکستان شاہینز بنگلہ دیش اے سیریز کی ٹرافی رونمائی کی گئی۔ جس میں دونوں ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔ اس موقع پر قومی کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی لیول پر پاکستان کی کپتانی کرنا اعزا ز کی بات ہوتی ہے ۔ٹیم بہت زبردست ہے کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور میچز جیتنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث ہم کھل کر پریکٹس نہیں کر پائے،لیکن جتنی بھی پریکٹس کی ہے کوشش کرینگے کی اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلیں۔ دوسری جانب بنگلا دیش اےکے کپتان انعام الحق کا کہنا تھا کہ یہ ان لڑکوں کیلئے نادر موقع ہے جو پہلی بار پاکستان کا دورہ کرہے ہیں۔ پاکستان کیخلاف کھیل کر ہمیشہ بہت مزا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہورہی کہ پاکستان ٹیم میں کئی اسٹارز پلیئرز بھی ہیں اور ہماری ٹیم میں بھی کچھ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ میرے خیال میں پاکستان کیخلاف سخت مقابلے کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ دوسرا چار روزہ میچ20سے23 اگست تک کھیلا جائے گا۔تین ون ڈے 26، 28اور 30 اگست کو کھیلے جائیں گے۔