گرین ٹورزم کے نام پر سیاحت سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کے چولہے نہیں بجھنے دیں گے ،شاہ غلام قادر

13 اگست ، 2024

آٹھ مقام( نمائندہ جنگ) صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے وسائل پر پہلا حق ریاست کے عوام کا ہے، گرین ٹورزم کے نام پر سیاحت سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کے چولہے نہیں بجھنےدیں گے۔ شاہ غلام قادر نے سب ڈویژن شاردہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر پاکستان آزادکشمیر میں تعمیر ترقی کا عمل ڈی ٹریک کرکے ملک کو معاشی تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ملک کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے لیکن پوری قوم مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت پر اعتماد ہے۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن صرف اسمبلی کی حد پر حکومت کی اتحادی ہے لیکن عوام کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وادی نیلم سیاحت کا حب بن چکا ہے اس کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست کی زمین کسی کو الاٹ کرنے کی قانونی گنجائش موجود نہیں ہے معاملہ کو قانون ساز اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ نوری ٹاپ سمیت کسی بھی جگہ کو کسی بھی کمپنی کو لیز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی وادی نیلم کے سیاحتی مقامات کی سڑکیں بجلی ٹیلی فون انٹرنیٹ کی سروسز بہتر بنائی جائیں حادثات کو بنیاد بنا کر سیاحتی سرگرمیوں کو روکنا درست نہیں ضلعی انتظامیہ حادثات کی وجوہات کو کنٹرول کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے شاردہ مین جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ دودھنیال ڈیم کی تعمیر میں عوام کے تحفظات ہیں آزاد کشمیر کے عوام نے میرپور میں اپنی زمین مکانات املاک منگلاڈیم کی وجہ سے ہاتھ د ھونا پڑے نیلم جہلم پروجیکٹ میں 5 ہزار ارب روپے کی کرپشن کی وجہ سے منصوبہ بیٹھ گیا ہے بجلی پیدا نہیں ہو رہی دودھنیال پاورہاؤس سے ہزاروں خاندان متاثر ہوں گے۔ دودھنیال ڈیم کی تعمیر ممکن نہیں ہے، جلسہ سے دیگر مقررین سابق معاون خصوصی خواجہ بشیر احمد، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محمد معروف لون خواجہ عبدالشکور بانڈے و دیگر نے بھی خطاب کیا۔