کسی کو اداروں کیخلاف منفی مہم چلانے کی اجازت نہیں دینگے،محسن نقوی

13 اگست ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے پاکستان کا قابل فخر اثاثہ ہیں، ان کے خلاف منظم پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کا رویہ ملک دشمنی کے مترادف ہے کسی کو اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی اور جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے کو فروغ اور بین المسالک اتحاد و اتفاق پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ اور خالد مقبول صدیقی کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ریاستی اداروں کیخلاف شرانگیز پراپیگنڈہ کی شدید مذمت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ریاستی ادارے پاکستان کا قابل فخر اثاثہ ہیں، اداروں کیخلاف منظم پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کا رویہ ملک دشمنی کے مترادف ہے کسی کو اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی پاکستان کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی خاطر سب کو باہمی اتحاد اور اتفاق سے چلنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جے یو پی کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جے یو پی نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے، پاکستان کی خاطر سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہے، مثبت سوچ اور اتفاق سے ملک کو بھنور سے نکالنا ہے آج وطن کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ اویس نورانی نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں آپ کیساتھ ہیں۔