کشیدہ صورتحال، امریکا کا مشرق وسطیٰ میں آبدوزاور بحری جہاز کی تعیناتی کا حکم

13 اگست ، 2024

واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں) مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر امریکی وزیر دفاع نے مشرق وسطیٰ میں میزائل بردار آبدوز اور ابراہم لنکن طیارہ بردار جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے مطابق تعینات کی جانے والی آبدوز USS Georgia ایٹمی آبدوز ہے۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور دیگر اتحادی اسرائیل اور حماس پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر امریکی فوج کی پوسٹ کے مطابق جوہری آبدوز یو ایس ایس جارجیا جولائی میں بحیرہ روم میں پہلے سے ہی موجود ہے، آبدوز کی تعیناتی کا اعلان کرنا ایک غیرمعمولی اقدام تھا۔امریکی وزیر دفاع کی اپنے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو کے بعد پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا کہ ’دفاعی سربراہ نے ابراہم لنکن سٹرائیک گروپ کو علاقے میں فوری تعیناتی کا حکم دیا ہے۔امریکی فوج نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں اضافی لڑاکا طیارے اور بحریہ کے جنگی جہاز تعینات کرے گی کیونکہ واشنگٹن اسرائیل کے دفاع کو تقویت دینا چاہتا ہے۔امریکہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک دو طیارہ بردار بحری جہاز علاقے میں روانہ کر چکا ہے۔ادھر غز ہ خان یونس میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی اسرائیلی فوج کے پیراشوٹ بریگیڈ کو حماس کی جانب سے شدید اور غیر متوقع مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خان یونس کے علاقے میں جھڑپ کے دوران حماس کے مُشاق اسنائپر کی فائرنگ میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار مارا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے امدادی تنظیم کے 3 پیرا میڈیکل اسٹاف شہید ہوگئے۔ تینوں طبی کارکنان فلسطینی شہری تھے اور زخمیوں کے علاج میں مصروف تھے۔