ایشائیوں کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ثاقب رزاق

13 اگست ، 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستانی، ایشیائی اور مسلم ثقافتی ورثے پر مشتمل کلرفل ہیریٹیج کے زیراہتمام گلاسگو میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں گزشتہ صدی میں سب سے پہلے آباد ہونے والے افراد کے بچوں نے شرکت کی اور اپنے آباؤاجداد کی پرمشقت اور مشکل زندگی مگر کامیابیوں کی داستانیں بیان کی۔ کلرفل ہیریٹیج کے بانی چیئرمین محمد شیخ نے بتایا کہ ہمارا مقصد اور کوشش پرانی ایشیائی اور مسلم ثقافت و ورثے کو محفوظ کرنا اور اپنی نئی نسلوں تک پہنچانا ہے۔ کلرفل ہیریٹیج کے پراجیکٹ انچارج ڈاکٹر ثاقب رزاق نے کہا کہ ہم ایشیائیوں کے ثقافتی اثاثوں کو محفوظ بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں بے شمار پروگرام منعقد کر چکے ہیں۔ پہلی اور دوسری نسل کے ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد کے انٹرویو، ویڈیو ریکارڈنگ اور کتابی صورت میں شائع کر چکے ہیں کلرفل ہیریٹیج نے انورنس کے قریب 13کے قریب ایسےافراد کی قبروں کا سراغ لگایا جو دوسری جنگ عظیم کے دوران برطانیہ کی حفاظت کے دوران مختلف بیماریوں سے ہلاک ہوگئے تھے۔ ہم نے ان کی قبروں کی نئے سرے سے مرمت کرائی اور ان کو محفوظ کیا ہے۔ گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے بتایا کہکسی زمانے میں یہاں نہایت بے سروسامانی کے عالم میں آنے والے ایشیائیوں کے بچے اب برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ میں زندگی کے تمام شعبوں سیاست و معیشت کے علاوہ ڈاکٹر، انجینئر اور وکیل وغیرہ بن کر معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں پرانی نسل کے افراد نے لاکھوں پونڈ کے اخراجات سے یہاں مساجد، گوردوارے اور مندر تعمیر کئے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی بیگم پروین سرور کا کہنا تھا کہ یہ پہلی نسل کے افراد کی قربانیاں ہیں کہ آج ہماری تیسری اور چوتھی نسل کے بچے بہترین اور پرآسائش زندگیاں گزار رہے ہیں، پہلی نسل کے افراد نے اپنے کاروبارکا آغاز سوٹ کیس میں سامان بھر کے اسے بسوں کے ذریعے دوسرے شہروں کے قصبوں اور گاؤں میں فروخت کرنے سے کیا اور اپنی شبانہ روز محنت اور ایمانداری سے مقامی کمیونٹی میں ایک باعزت مقام پیدا کیا۔ ممتاز بینکر طارق شٰیخ نے کہا کہ اس وقت تمام ایشین کمیونٹیز کو آپس میں اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔ ہم کو مقامی کمیونٹیز کے ساتھ بھی خوشگوار تعلقات بناناچاہیں۔ عید ، کرسمس اور دیگر تہواروں پر ان کو تحفے تحائف دیں۔ طارق شیخ نے کہا کہ اگرچہ ہم سب مختلف بیک گراؤنڈز کے حامل ہیں، لیکن ہماری منزل ایک ہے۔ ڈاکٹر محمدشفیع کوثر،عمر شیخ اور دیگر افراد نے پہلی اور دوسری نسل کی قربانیوں پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔