مستونگ: مسلح افراد کی فائرنگ ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق ، ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ایک راہگیر زخمی

13 اگست ، 2024

مستونگ (نامہ نگار ) ڈی سی پنجگور اور ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور کی گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ جاں بحق جبکہ پنجگور کے ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالمالک بلوچ اور حمیداللہ مینگل زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک بلوچ کوئٹہ سے پنجگور جارہے تھے کہ مستونگ شہر سے 20 کلومیٹر دور کھڈکوچہ میں پندرہ کے قریب مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ، ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک بلوچ اور ایک راہ گیر حمیداللہ مینگل گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر مستونگ سمیع اللہ آغا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالمنان اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کیا ۔جہاں ڈپٹی کمشنر پنجگور کو آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک بلوچ اورراہ گیر حمیداللہ مینگل کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا ۔ ڈپٹی کمیشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی لاش ضروری کارروائی کے بعد کوئٹہ منتقل کردی گئی ۔ جہاں سے صوبائی حکومت ان کی لاش ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کے آبائی علاقہ کیچ ( تربت ) روانہ کریگی ۔ عینی شاہدین کے مطابق کھڈکوچہ میں مسلح حملہ آوروں کی تعداد 15 کے قریب تھی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واقعے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے، اپنے بیان میں وزیر اعلٰی نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے ، جنہوں نے مختلف ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں شہید سول سروس کا ابھرتا ہوا درخشاں ستارہ تھے۔ جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیر اعلٰی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا، وزیر اعلٰی بلوچستان نے شہید ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی جبکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا اب بھی پوری قوت اورطاقت سے اس کا قلع قمع کریں گے-ارض وطن پر موجود ایک ایک دہشتگرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے۔اللہ تعالی شہید کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔