سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے مثبت اثرات مرتب ہونگے، سرفراز بگٹی کی چینی وفد سے گفتگو

13 اگست ، 2024

کوئٹہ (خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں شنگھائی اے ڈی ایم انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور بلوچستان میں نجی چینی سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سی پیک کے تحت جی ٹو جی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کی تیزی سے بلوچستان میں روزگار اور صنعتی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے جس سے بلوچستان میں سماجی ترقی کا عمل بھی تیز ہوگا ، اس موقع پر بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سربراہ سعید احمد بھی موجود تھے ۔درایں اثناء وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے قومی دن کے موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار اور ہندو اقلیت کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور کیک کاٹا اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور صوبے میں صدیوں سے آباد اقلیتوں کے مقامی افراد کے مابین خوشگوار اور عزت و احترام پر مبنی رشتے قائم ہیں بلوچستان حکومت کی کوشش ہے کہ اقلیتوں کی فلاح اور بہبود کیلئے اقلیتی نمائندوں کی مشاورت سے ایسے ترقیاتی اور سماجی بہبود کے منصوبے تشکیل دئیے جائیں جس سے اقلیتوں کی بہتری ممکن ہوسکے ۔وزیر اعلٰی سے کیوبنگ کے قومی مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کوئٹہ علمدار روڑ کے رہائشی نوجوان قابلائی خان نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلٰی بلوچستان نے ملک گیر سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر نوجوان کی صلاحیتوں کوسراہتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور محنت کو سراہا۔