ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی ڈنر میں پاکستانی نژاد شخصیت کی شرکت اور قربت

13 اگست ، 2024

نیویارک (عظیم ایم میاں) ڈونالڈٹرمپ کے خصوصی ڈنر میں پاکستانی نژاد شخصیت کی شرکت اور قربت، امریکی اخبار نے ڈنر کو ’ہائی پاورڈ افیئر‘ قرار دیا، ٹرمپ سے کسی پاکستانی امریکن کی قربت کا پہلی بار ذکرکیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں نیویارک کےنواحی اور متمول علاقے برج ہیمپٹن میں ایک ممتاز امریکی شخصیت کی رہائش گاہ پر مدعو کئے گئے تقریباً 130؍ کاروباری اور دولت مند افراد کے اہم اور شاندار ڈنر میں شرکت کی۔ اس ڈنر کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ امریکا کے انتہائی ممتاز امریکی اخبار نے بھی ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے ممتازافراد کے نام لکھتے ہوئے اس ڈنر کوایک ’’ہائی پاورڈ افیئر‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تفصیل بیان کی ہے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے ایک ارب پتی بل ایکمین اور ایک کاروباری کمپنی کے سربراہ امید ملک تھے۔ امریکا میں پیدا ہونے اور تعلیم و تربیت کے مراحل طے کرتے ہوئے قانون کی ڈگری حاصل کرکے بینکنگ اور انوسٹمنٹ کے شعبے میں ترقی کرتے ہوئے 44؍ سالہ امید ملک پاکستانی والد اور ایرانی والدہ کی اولاد بیان کئے جاتے ہیں جو ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے قریبی حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور کاروبار کے علاوہ فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔ امریکا کے قومی میڈیا میں ڈونالڈ ٹرمپ سے کسی پاکستانی، امریکن کی قربت کا ذکر پہلی بار سامنے آیا ہے جبکہ ری پبلکن پارٹی کے امریکی صدر بش سینئر اور ان کے صاحبزادے صدر جارج بش جونیئر کے دور میں ریاست ٹیکساس کے انور جاوید اور ڈاکٹر امان اللہ کے قریبی تعلقات کا چرچا رہا۔ 44؍ سالہ کاروباری پاکستانی نژاد امید ملک پولیٹکل سائنس اور قانون کی ڈگریاں امریکی یونیورسٹی سے حاصل کرکے بینکنگ اور وال اسٹریٹ میں انوسٹمنٹ بزنس سے وابستہ ہوگئے ان کی شادی بھی امریکن خاتون سے ہوئی جواپنی فیملی لائف کو پرائیویٹ رکھنے پر عمل کرتی ہیں لہٰذا امید ملک کا پاکستانی کمیونٹی سے بھی رابطہ بہت ہی محدود نظرآتاہے ۔