متل گروپ پیٹرک ڈراہی کے آلٹیس سے بی ٹی گروپ میں 24.5؍ فیصد شیئرز خریدنے پر رضامند

13 اگست ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ارب پتی سنیل بھارتی متل کے گروپ نے پیٹرک ڈراہی کے آلٹیس سے بی ٹی گروپ میں 24.5؍ فیصد شیئرز خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ بھارتی انٹرپرائز کے مطابق، وہ بی ٹی کے 10 فیصد شیئرز آلیٹس سے فوری طور پر خریدے گی جبکہ باقی شیئرز ضروری ریگولیٹری منظوری کے بعد خریدے گی۔ بھارتی انٹرپرائز کا مزید کہنا تھا کہ اس کا پورے بی ٹی کی خریداری کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ اس سرمایہ کاری سے متل گروپ کی پروفائل میں اضافہ ہوا ہے جس نے بھارت کی ٹیلی کام مارکیٹ میں دولت کمائی ہے۔ 2016 میں ارب پتی مکیش امبانی کے ساتھ کاروباری جنگ کے بعد بھارتی ایئر ٹیل ملک میں دوسری بڑی کمپنی بن کر ابھری۔ اس نے اب تک کئی حریفوں کو شکست دی ہے۔پیر کو صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں متل کا کہنا تھا کہ میں طویل عرصے سے بی ٹی کو دیکھ رہا ہوں، یہ ایک ایسی کمپنی ہے جس کا ماضی شاندار ہے، قومی حیثیت ہے، برطانیہ میں اس کا بڑا انفراسٹرکچر ہے، اسلئے مجھے امید ہے کہ میں اس کمپنی کی قدر میں کچھ اضافہ کر سکتا ہوں۔ اس اقدام سے ہمارا مقصد پیسہ کمانا نہیں ہے۔