سٹاک مارکیٹ میں مندا،انڈیکس589پوائنٹ مزید گرگیا

13 اگست ، 2024

لاہور (سودی)نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں دن بھر کے اتار چڑھائو کے بعد کاروبار کا اختتام مندے پر ہوا آخر میں بیشترکمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی گر گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جو کچھ ہی دیر برقرار رہی پھر اتار چڑھائو اور اس کے بعد شروع ہونے والا مندا آخر تک جاری تھا اس دوران انڈیکس میں 316پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 630پوائنٹ کی کمی بھی، مارکیٹ میں ابتدائی تیزی کی وجہ سٹہ والی کمپنیوں کے کاروباری حجم اور قیمتوں میں مصنوعی اضافہ سے مارکیٹ کا ٹیمپو تیزی کی طرف ہو جانا تھی کاروباری حجم میں ایک روز قبل کے مقابلہ میں کمی تھی جبکہ سب سے زیادہ پریشر آٹو اور آئل سیکٹر پر تھا۔ گزشتہ روز سیل اور پرافٹ ٹیکنگ کا پریشر زیادہ تر کمپنیوں کی طرف سے آیا جبکہ زیادہ خریداری نجی سرمایہ کاروں کی۔ مارکیٹ میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور بلیو چپس کے خریدار زیادہ تر سائیڈ لائن تھے جبکہ بعض کمپنیوں کے منفی اعلانات اور ملکی سیاسی صورت حال بھی اثر انداز تھی۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 589پوائنٹ کم ہو 77980پر آ گیا 122کمپنیوں میں اضافہ، 278میں کمی اور 44میں استحکام رہا 41کروڑ 51لاکھ حصص کا کاروبارہوا۔