جنرل فیض فوجی تحویل میں، بعد از ریٹائرمنٹ آرمی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کی تصدیق

13 اگست ، 2024

راولپنڈی (ایجنسیاں)پاک فوج کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ۔ ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں کی گئی شکایات کی درستگی کا پتہ لگانے کے لیے ایک تفصیلی کورٹ آف انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت مناسب تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے‘اس کے علاوہ ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کے متعدد واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ فوج میں خود احتسابی ایک کڑا اورخود کار عمل ہے، ہمیں اپنے احتساب کے نظام پر فخر ہے‘خود احتسابی کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جتنا بڑا عہدہ ہوتا ہے اتنی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے‘ہمارا احتساب کا عمل الزامات پر نہیں بلکہ حقائق پر کام کرتا ہے۔