بشریٰ بی بی کی جیل میں بدسلوکی کیخلاف درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھجوا دی گئی

13 اگست ، 2024

راولپنڈی(آئی این پی)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کہ اہلیہ بشری بی بی کےساتھ بد سلوکی کا معاملہ، عدالت عالیہ نے بدسلوکی کی دائر درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھجوا دی اور کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے سامنے یہ پٹیشن بطوردرخواست رکھی جائے۔پیر کے عدالت عالیہ اسلام آباد میں بشری بی بی کے مقدمات کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشری بی بی کی جیل میں بدسلوکی کیخلاف درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھجوا دی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حکم دیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے سامنے یہ پٹیشن بطوردرخواست رکھی جائے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ درخواست گزار بشری بی بی کے وکیل نے کہا کہ بشری بی بی کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کیے، پہلا اعتراض تھا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے ماتحت ہیں، اڈیالہ جیل حکام کیخلاف کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائرنہیں ہو سکتی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بشری بی بی کی درخواست پر آفس کا اعتراض بد نیتی پر مبنی ہے، بشری بی بی اسلام آباد سے نیب کے کیس میں گرفتار ہیں، اڈیالہ جیل اسلام آباد کے قیدیوں کی حد تک اسلام آباد کی جیل ہے، آفس کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ آئندہ درخواستوں پر ایسے فضول اعتراضات نہ لگائیں۔