قصور میں شجرکاری اخراجات چھپانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو 35ہزار جرمانہ

13 اگست ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی طرف ضلع قصور کی 125یونین کونسلز میں شجرکاری مہم 2024ء اور صفائی پر آنے والےکروڑوں روپے کے اخراجات کی معلومات افشاء نہ کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو 35ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق افضل عاصم بنام ڈپٹی کمشنر قصور اور افضل عاصم بنام ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قصور کیسوں کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب انفارمیشن کمیشن نے اپنے احکامات میں کہا ہے کہ شکایت کنندہ افضل عاصم نے پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013ءکے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قصور کو درخواست دی کہ ضلع قصور میں شجرکاری مہم 2024ء کے دوران ضلع کی 125یونین کونسلز میں لگائے گئے پودوں کی تعداد، اس مہم پر آنے والے اخراجات کی مصدقہ سٹیٹمنٹ ، ان پودوں کو لگانے والی لیبر کو ادا کی جانے والی مزدوری کی رقم کی تفصیلات کے علاوہ یکم جنوری 2023ء سے اب تک ان یونین کونسلز کی صفائی پر آنے والے اخراجات کی مصدقہ نقول فراہم کی جائیں جو شکایت کنندہ کو فراہم نہیں کی گئیں۔