جسٹس فائزکیلئے حکومت آئین تبدیل کرنا چاہتی ہے‘عمران

13 اگست ، 2024

راولپنڈی(این این آئی)بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت دو تہائی اکثریت قائم کر کے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے تاکہ دوبارہ قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس بنا سکے، حکومت نے اگر مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں مانا اور چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے‘بنگلہ دیش اور پاکستان کے حالات مختلف نہیں ہیں‘ یہاں حالات زیادہ برے ہیں‘قوم انتظار کر رہی ہے‘لاوا پک چکا، صرف ایک تیلی کی ضرورت ہے اور سب تباہ ہو جائیگا مگر یہ جو مرضی کر لیں پاکستانی فوج عوام پر گولی نہیں چلائے گی‘ میں کال دینے لگا ہوں‘لوگ تیار ہیں‘سائفر کی شکل میں امریکا کے خلاف ایف آئی آر موجودہے ‘اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کے لیے پارٹی کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے حالات بنگلہ دیش سے زیادہ برے ہیں، حسینہ واجد نے آرمی چیف، چیف جسٹس اور پولیس چیفس اپنے لگائے ہوئے تھے۔