پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 اگست سے کمی کا امکان

13 اگست ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 اگست سے کمی کا امکان، پیٹرول 8.38 روپے فی لیٹر، ڈیزل 7.70 روپےاور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.49 روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 16 اگست سے پیٹرول کی قیمت میں 8.36 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 7.70 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے جس کی بنیادی وجہ بڑی معیشتوں کی جانب سے کم استعمال ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 16 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 70 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 71 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 49 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ 16 اگست تک ابھی تین دن باقی ہیں اور پی او ایل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے، اس لیے پی او ایل کی نئی قیمتوں کے حتمی اعداد و شمار کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔ تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں پی او ایل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 269.43 روپے فی لیٹر سے 261.07 روپے اور ایچ ایس ڈی کی موجودہ قیمت 272.77 روپے سے 265.05 روپے مقرر کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 177.39 روپے سے 170.23 روپے اور ایل ڈی او کی قیمت 160.53 روپے سے 156.04 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔