پاکستان کسان اتحاد کا 17اگست سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

13 اگست ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر ) پاکستان کسان اتحاد نے زراعت کش پالیسیوں کے خلاف 17اگست سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے احتجاجی تحریک کا آغاز پاکپتن سے کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے دیگر رہنماؤں سید خاور عباس گردیزی،رانا محمد امین،شوکت سنپال،رانا شمشاد،راؤ محمد عباس،مہر قسور لنگڑیال ،نثار احمد،مہر ربنواز ،مہر یعقوب کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، خالد محمود کھوکھر نے مزید کہا کہ حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ زراعت کو پلان کے مطابق ختم کر دیا گیا ہے میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ زراعت کو بچانے کے لیے فی الفور ذرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے اور آ زاد ایگری کلچر کمیشن بنایا جائے اگر زراعت پر توجہ نہ دی گئی تو نئے سال میں گندم سمیت کپاس، چاول، تل، مکئی ودیگر فصلات کاشت نہیں ہوں گی جس کے ذمہ دار وزیراعظم ہوں گے،مہنگی بجلی، کھاد، بیج، ڈیزل سمیت کسان کو ہر شے مہنگے داموں مل رہی ہے جس کی وجہ سے کاشتکار کے نہ گھریلو اخراجات پورے ہو رہے ہیں اور نہ ہی کھیت کے اخراجات ممکن ہیں ، جس ایگریکلچر کمیشن میں چار وزیر پانچ سیکریٹری ہوں وہ کمیشن کیسے آزاد ہو سکتا ہے حالانکہ میں بھی اس کمیشن کا ممبر ہوں لیکن بے بس ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے ارشد ندیم کو بھی مبارکباد دی ۔