مختلف شہروں میں بارش ،لودھراں میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق

13 اگست ، 2024

ملتان ،لودھراں ،ڈیرہ غازیخان، وہاڑی، سخی سرور، میلسی، ماچھیوال،کہروڑپکا(سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، نامہ نگاران) ملتان سمیت مختلف شہروں میں بارش ،لودھراں میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی ، وہاڑی، میلسی، شہر سلطان، ماچھیوال،کہروڑپکااور دیگر علاقوں میں ساون کی موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، تفصیلات کے مطابق ملتان سمیت گردوانواح میں کہیں تیز و کہیں بلکی بارش کے باعث مون سون کا مزا دوبالا ہوگیا،جبکہ دوسری طرف واسا اور میپکو کے ناقص انتظامات کے باعث ابر رحمت شہریوں کیلئے زحمت بننے لگی ہے، بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، بجلی کی بندش کافی ٹائم بعد بحال کی جا سکے ہے۔ ملتان سمیت پاکستان بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ گذشتہ پندرہ سے بیس دنوں سے جاری ہے ،بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی واسا میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے تمام سیوریج، ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران، سٹاف کو مشینری کے ہمراہ اپنی اپنی حدود میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے طلب کرلیا،سوموار کی شام لودھراں میں ہونے والی موسلادھار بارش سے نواحی علاقے پکا کھُو میں مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے نذیراں بی بی زوجہ محمد اسلم ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا دیور محمد ہاشم شدید زخمی ہوگیا ریسکیو ٹیموں نے دونوں کو ملبے تلے سے نکال کر نذیراں بی بی کی نعش ورثاء کے حوالے کردی جبکہ زخمی ہاشم کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔وہاڑی، میلسی، یزمان، شہر سلطان، ماچھیوال اور دیگر علاقوں میں ساون کی موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، نکاسیٔ آب کا انتظام درہم برہم ہو گیا۔