مارگلہ ہلز کے دو ریسٹورنٹس کی بندش کی بجائے ریگولیٹ کیا جائے ، تاجر برادری

13 اگست ، 2024

اسلام آباد ( جنگ نیوز)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے کہا ہے کہ مارگلہ ہلز کے دو ریسٹورنٹس کی 11ستمبر سے بندش پاکستان میں بزنس اور سرمایہ کاری کیلئے نقصان دہ ہے۔حکومت اور عدلیہ سے درخواست ہے کہ ان کی بند ش کی بجائے انہیں ریگولیٹ کریں۔دونوں ریسٹورنٹس سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔قانون میں اگر ریسٹورنٹ کا لفظ نہیں ہے تو اسمبلی کا اجلاس بلا کر قانون سازی کی جائے۔گزشتہ روز آئی سی سی آئی ،ایف پی سی سی آئی سمیت تاجر تنظیموں کے زیر اہتمام کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے لوکل انویسٹرز کے ساتھ ایسا سلوک کریں گے تو فارن انویسٹمنٹ ملک میں کیوں آئے گی۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ دونوں ریسٹورنٹس کو کم سے کم مزید 6 ماہ کی مہلت دی جائے۔اس دوران بلدیاتی انتخابات ہونے کے بعد لوکل حکومت اس حوالے سے فیصلہ کرے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لقمان افضل نے کہا کہ ہم نے کسی ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔مارگلہ ہلز میں دیگر کمرشل سرگرمیاں بھی ہو رہی ہیں۔ ڈاکٹر امجد نے کہا کہ 25سال قبل ہمارے ریسٹورنٹ کا لائسنس جاری ہوا۔بعد میں مختلف ادوار میں سی ڈی اے نے ایکسٹنشن کی منظوری دی۔ ہم نے تجاوزات قائم کی ہیں اور نہ ہی لیز ختم ہوئی ہے۔سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو مایوس نہیں ہونے دینا۔ مقامی مال کےسی ای او سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ جڑواں شہروں کی بزنس کمیونٹی نے ثابت کیا ہے کہ تاجروں کے ہر مسئلے پر ہم اکٹھے ہیں۔ صدر تنظیم تاجران کاشف چوہدری ،صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثاقب رفیق ، صدر رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن سردار طاہر محمود ، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون،صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی سمیت تاجر تنظیموں کے رہنمائوں، چیئرمین ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن حبیب اللہ سمیت دیگر تاجر رہنمائوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔