فیض حمید کے بچنے کا امکان نہیں لگتا ، فوج کیلئے واپس جانا مشکل ہوگا، افنان اللہ

13 اگست ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام کپیٹل ٹاک میں رہنما مسلم لیگ ن، سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی جو پریس ریلیز آئی ہے اس سے نہیں لگتا کہ فیض حمید کے بچنے کا کوئی امکان ہے۔فوج نے جو قدم اٹھا لیا ہے اس سے ان کے لئے واپس جانا مشکل ہوجائے گا۔رکن کور کمیٹی، تحریک انصاف، شعیب شاہین نے فیض حمید کا اصل جو جرم بنتا ہے وہ سیاست میں مداخلت ہے۔اس کو مثال نہیں بنانا چاہتے کہ یہ نہ ہوکہ کسی ایک جنرل کے خلاف آج کارروائی ہو تو کل آنے کسی اور جنرل کے خلاف بھی کارروائی ہو۔ رکن قومی اسمبلی پیپلز پارٹی، نواب زادہ افتخار احمدنے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ آرمی نے بڑا سخت پیغام دیا ہے۔ میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا فیض حمید کے خلاف جو کارروائی شروع ہوگئی ہے اس کے کیا اثرات مرتب ہو ں گے۔ وہ سیاست میں بھی مداخلت کرتے رہے ہیں تو سیاست میں کیا اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے بہت سی سیاسی جماعتوں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی ۔ 9مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی جن رہنماؤں کے خلاف مقدمات قائم کئے گئے کسی مقدمے میں جنرل فیض کا ذکر نہیں آیا۔ اس سازش کا آپ کو پتہ ہے آپ کا یہ فرض ہے کہ قوم کے سامنے وہ سازشیں لائیں ، سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کہا اس کا کریڈٹ موجودہ اسٹیبلشمنٹ کو ملتا ہے۔انہوں نے اس کا آغاز کیا اور یہ پیغام دیاکہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں،ن لیگ میں فیض حمید کی ایک لابی بالکل تھی اس میں کوئی شک نہیں ہے ، شعیب شاہین نے کہا کہ فیض حمید کو جو تحفظ دے رہا تھا اس کے خلاف بھی کارروائی ہونا چاہئے ،جنرل فیض سے پوچھا گیا تھا تو انہو ں نے کہا تھا کہ میں وہ کرتا تھا جو مجھے کہا جاتا تھا۔فیصلے کا اختیا رتو باجوہ کے ہاتھ میں تھا۔فیض حمید کا اصل جو جرم بنتا ہے وہ سیاست میں مداخلت ہے ، نواب زادہ افتخار احمدنے کہا آرمی نے بڑا سخت پیغام دیا ہے کہ وہ کرپشن اور نظم و ضبط کے خلاف برداشت نہیں کرے گی۔