بیرون ملک سے جرائم پیشہ افرادکے فراڈکالز کیخلاف کریک ڈائون

18 اگست ، 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ)حکومت نےبیرون ملک سے جرائم پیشہ افراد کے فراڈ کالز کیخلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے جس کےتحت ایسے جرائم پیشہ افراد جو بیرون ملک سے ایسے طریقے سے کالز کرتے ہیں کہ ان پر مقامی ٹیلی فون نمبر سامنے آتا ہے، جس سے عوام دھوکہ کھاکر اکثر ان کے فراڈ کا شکار بن جاتے ہیں، حکومت نے ایسی کروڑوں کالز کے متعلق ایک نیا کریک ڈائون شروع کیا ہے، جس کے تحت ٹیلی فون کمپنیوں کی ذمہ دار ہوگئی کہ وہ دھوکہ بازوں کی طرف کالز کو شناخت اور بلاک کریں، آف کام کا کہنا ہے کہ اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ حکومت کے نئے اقدامات عوام کو فراڈ سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے، مجرموں کی طرف سے لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئےاستعمال کیا جانے والا ایک عام حربہ کسی قابل بھروسہ تنظیم یا سرکاری محکمے کے فون کی نقل کرنا ہے۔ 2024ء میں برطانیہ کے48فیصد صارفین نے کہا کہ انہیں گزشتہ تین مہینوں میں ایک مشکوک کال موصول ہوئی، یوکے نیشنل کرائم ایجنسی نے ایک آن لائن پلیٹ فارم ’’رشین کام‘‘ Russian com کو بند کردیا ہے۔ دھوکہ باز اس کو دنیا بھر سے لوگوں کی رقوم چرانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اس کے ذریعے فراڈ کرنے والے افراد یہ ظاہر کرسکتے تھے جیسے کہ وہ کسی بینک یا سرکاری ادارے سے بول رہے ہیں اور یوں وہ ان کے اکائونٹس سے رقم اور دیگر ذاتی معلومات حاصل کرلیتے تھے۔