ہیتھرو ایئرپورٹ:بارڈر فورس ایجنٹوں کی3روزہ ہڑتال شدید خلل کا باعث بنے گی

18 اگست ، 2024

لندن (پی اے) ہیتھرو بارڈر فورس کے افسران کا ہڑتال پر جانے کا اعلان۔ ایک یونین نے کہا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر بارڈر فورس کے ایجنٹوں کی تین روزہ ہڑتال ممکنہ طور پر شدید خلل کا باعث بنے گی۔ پبلک اینڈ کمرشل سروسز یونین (پی سی ایس) کے اراکین 31 اگست سے3ستمبر تک ہڑتال کریں گے، پھر22ستمبر تک ورک ٹو رول، جس میں اوور ٹائم سے انکار بھی شامل ہے۔ یونین نے کہا کہ اس کارروائی میں اس کے650ارکان شامل ہیں، جن کا شرائط و ضوابط میں نافذ تبدیلیوں پر تنازع ہے۔ جواب کے لئے ہوم آفس سے رابطہ کیا گیا ہے۔ پی سی ایس کے ترجمان نے کہا کہ صنعتی تنازع، جو اپریل میں شروع ہوا تھا، ان مسائل پر ہے، جس میں لچکدار روسٹرز کا تعارف شامل ہے۔ پی سی ایس کے جنرل سیکرٹری فران ہیتھ کوٹ نے کہا کہ ہیتھرو میں ہمارے محنتی ارکان اپنے ملک کی سرحد کو محفوظ رکھنے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں لیکن بہت سے لوگوں کو اپنی پسند کی نوکری سے زبردستی نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ دیکھ بھال کی ذمہ داریوں اور اپنی ملازمت کے درمیان انتخاب کریں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہماری ہڑتال کی کارروائی موسم گرما کے آخر میں ہیتھرو استعمال کرنے والے مسافروں کے لئے شدید رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔ محترمہ ہیتھ کوٹ نے کہا کہ اگر آجر ہمارے اراکین کے خدشات کو سن لے تو ہڑتال سے بچا جا سکتا ہے۔ ہیتھرو کے ایک ترجمان نے بی بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہوم آفس کو بارڈر فورس ایجنٹوں کے آجر کے طور پر حوالہ دیا لیکن کہا کہ اس نے ماضی میں صنعتی کارروائی کے ذریعے کام کیا ہے اور اس کا مقصد کسی بھی رکاوٹ کو کم کرنا ہے۔ ہیتھرو ہوائی اڈے پر پی سی ایس کے ارکان نے آخری بار اپریل کے آخر میں ہڑتال کی تھی۔