پیشی ممکن نہیں، بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر جیل انتظامیہ کا جواب

18 اگست ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)9مئی 2023کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست پر اڈیالہ جیل انتظامیہ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں جواب جمع کرادیا۔ راولپنڈی میں 9 مئی کے مقدمات میں بشری بی بی کی طلبی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی، سماعت کے دوران جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب پیش کیا گیا۔جیل انتظامیہ کے مطابق اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت مقرر ہے، ریفرنس کی سماعت کے باعث ملزمہ کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کرنا ممکن نہیں ہے۔انتظامیہ نے کہا کہ عدالت استدعا ہے کہ ملزمہ کی طلبی کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جائے۔گزشتہ روز 9 مئی کے 12مقدمات میں بشریٰ بی بی کی طلبی اور جسمانی ریمانڈ کے لیے تفتیشی افسران نے درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں منظور کرتے ہوئے جج ملک اعجاز اصف نے عمران خان کی اہلیہ آج صبح اڈیالہ جیل کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا تھا۔سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عدالت پہلے ہی بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر چکی ہے اور عدالت نے تفتیشی افسران کو 7 دن میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔