سمرسیٹ:دو گاڑیوں کے درمیان تصادم، ایک خاتون سمیت 3افراد ہلاک

18 اگست ، 2024

لندن (پی اے) سمرسیٹ میں دو گاڑیوں کے درمیان تصادم میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ جمعرات کی سہ پہر تقریباً 3:30بجے وائٹ لیکنگٹن گاؤں کے قریب A303 ایلمنسٹر بائی پاس پر اس وقت پیش آیا جب ایک سکوڈا یٹی ایک وین سے ٹکرا گئی۔ ایون اینڈ سمرسیٹ کانسٹیبلری نے بتایا کہ دو مرد، جن کی عمریں40 اور70کی دہائیوں میں تھیں اور60کی دہائی میں ایک خاتون، جو سب اسکوڈا میں سوار تھے، موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ وین میں دو افراد سوار تھے، جنہیں ہسپتال لے جایا گیا، جن میں سے ایک شدید زخمی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سکوڈا وین کے ساتھ مغرب کی طرف سفر کر رہی تھی اور مخالف سمت میں چل رہی تھی۔ قریبی رشتہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے اور خاندان کو خصوصی طور پر تربیت یافتہ خاندانی رابطہ افسر کے ذریعہ مدد فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ A303 کو ساؤتھ فیلڈز اور ساؤتھ پیٹرٹن کے درمیان دونوں سمتوں میں کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔ فورس گواہوں یا ڈیش کیم فوٹیج والے کسی بھی شہری سے آگے آنے کی اپیل کر رہی ہے۔