عارف علوی ،عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6کی کارروائی کی جائے ،نثار کھوڑو

18 اگست ، 2024

کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت غیرآئینی رولنگ دینے اور غیرآئینی طور پر قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر سابق صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آئین سے غداری کرنے پر آرٹیکل 6 کی فوری کارروائی کا آغاز کرے اور ریفرنس عدالت کو بھیجا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کوایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ نثار کھوڑو نے سابق وزیراعظم عمران خان سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کے دن سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے غیرآئینی رولنگ دے کر آئین شکنی کی جبکہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کی غیر آئینی ایڈوائس پر سابق صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کرکے غیرآئینی اقدام اٹھایا جس کو سپریم کورٹ نے بھی غیرآئینی قرار دیا تھا جس وجہ سے غیر آئینی طور پر قومی اسمبلی تحلیل کرنے اور عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کے وقت غیر آئینی رولنگ دے کر عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری آئین کے آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں اسلئے وفاقی حکومت غیرآئینی رولنگ دینے اور غیرآئینی طور پر قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر سابق صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف فوری طور پر آئین سے غداری کی آرٹیکل 6 کی کارروائی شروع کرے اور ریفرنس عدالت کو بھیجا جائے۔