وبائی امراض سے بچاؤ

اداریہ
18 اگست ، 2024
ان دنوں بین الاقوامی سطح پر منکی پاکس نامی وبائی مرض سراٹھا رہا ہےاور عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کی روشنی میں جملہ ممالک اس سے بچائو کی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔حکومت پاکستان نے اس خطرے کے پیش نظر اپنے ہوائی اڈوں پر نگرانی سخت کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو فیس ماسک فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔مسافروں کا سامان لائونج میں بھیجنے سےپہلےڈس انفیکٹ کیاجائے گاجبکہ منکی پاکس سے متاثر ہ یا مشکوک شخص کو محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے گا۔ادھر کوئٹہ میں کانگو وائرس میں مبتلا ایک اورمریض کے دم توڑنے کی اطلاع ہے،جس کے بعد بلوچستان میں اس مرض سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔کراچی میں بھی کانگو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی مچھر کی افزائش کا سیزن شروع ہوگیا ہے۔ایک اور باعث تشویش صورتحال پولیو وائرس کے بارے میں لاحق ہے ،گزشتہ دہائی کے آغازمیں اکا دکا کیس کے سوا ملک سےپولیو کے خاتمے کی خوشخبری ملی تھی تاہم گزشتہ پانچ برسوں سے اس نے پھر سے سرا ٹھا رکھا ہے۔آئے دن نئے کیس سامنے آرہےہیںاوراس کے خاتمے کیلئے فراہم کی گئی کروڑوں ڈالر کی غیر ملکی امداد بیکار ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔حالیہ ہفتوں میں ملک کے 58اضلاع سے حاصل کردہ 266نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔ان میں صوبہ سندھ 114،بلوچستان93،کے پی31،پنجاب22،اسلام آباد 5اور آزاد کشمیر میں ایک شامل ہے۔وائرس کوئی بھی ہو،بےقابو ہوجانے سے پہلے ہر سطح پر بروقت احتیاطی تدابیراختیار کرنا لازمی ہے۔ڈینگی مچھر کی افزائش روکنا،پولیو،منکی پاکس اور کانگو وائرس کے خاتمے کیلئے ماہرین صحت کی ہدایات پر عملدرآمدذمہ دار حلقوں پر لازم ہےاور ان کے توسط سے عوامی آگہی میں کوئی کمی نہیں آنی چاہئے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998