لاپتہ شہریوں کی گمشدگی کا مقدمہ درج اور بازیابی کیلئے کوششیں تیز کرنے کا حکم

18 اگست ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کےجسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس ارشد حسین پرمشتمل ڈویژن بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت پر لاپتہ شہری کی گمشدگی مقدمہ درج کرنے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کوششیں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ سماعت شروع ہوئی تو شارع فیصل سے لاپتہ خرم کاظمی کے والد عدالت میں پیش ہوئے بزرگ نے عدالت کو بتایا کہ میرے بیٹے کو 2021 میں شارع فیصل پر واقع اس کے دفتر سے کچھ لوگ لے گئے تھے میرے بیٹے نے اگر کوئی جرم نہیں کیا تو بھی جیل بھیج دیں، میرےبیٹے کی چھوٹی بچیاں ہیں، کچھ پتہ نہیں میرا بیٹا کہاں ہے۔عدالت نے پولیس افسران سے پوچھا کہ کیا لاپتہ شہری کا کوئی کریمنل ریکارڈ یا کسی تنظیم سے وابستگی ہے؟ عدالت تفتیشی افسر نے کہا کہ لاپتہ شہری کا کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ہے۔