ارشد ندیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب کا انعقاد

18 اگست ، 2024

کراچی(نمائندہ جنگ) پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں ہفتے کوگورنر ہاوس لاہور میں تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے قیمتی انعامات اور تحائف پیش کیے انہیں گولڈ میڈل جیتنے پر 20 لاکھ کا چیک اور گاڑی تحفے میں دی گئی۔ ارشد ندیم کا گورنر ہاؤس پہنچنے پر سرخ قالین بچھا کر شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گھڑ ڈانس اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔انہیں پلاٹ، گاڑی اور انعامی رقم سے نوازا گیا جبکہ ارشد ندیم نےکہا کہ آنے والے وقت میں بھرپور محنت کروں گا، گورنر پنجاب نے امید ظاہر کی کہ اولمپک ریکارڈ کے بعد ارشد ندیم اب ورلڈ ریکارڈ بھی بنائیں گے۔ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کے لیے بھی انعامی چیک دیا گیا۔ لاہور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ریسکیو 1122 میں بیسک کورس 44 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ  کے مہمان خصوصی گولڈ میڈل لسٹ ارشد ندیم اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد اور وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق تھے۔ملک احمد خان نے خطاب  میں کہا کہ ارشد ندیم ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ ارشدندیم نے کہا کہ  قوم کی دعائیں تھیں کہ قوم کا نام روشن کیا۔دریں اثناء ایک انٹر ویو میں ارشد ندیم کی اہلیہ نےکہاکہ ان کی ارشد سے لو میرج تھی۔ارشد ندیم نے بتایا کہ ان کی شادی 2016 میں ان کی بھابھی کی سب سے چھوٹی بہن سے ہوئی۔