رئیل اسٹیٹ سیکٹر ٹیکسوں کے جال میں جکڑا ہے، اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن

18 اگست ، 2024

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) نائب صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن میاں یٰسین نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر ٹیکسوں کے جال میں جکڑا ہے ٹیکسوں کی تعداد کم کی جائے،ٹیکسوں کی ظالمانہ شرح نے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو کافی متاثر کیا ہے اس وقت ٹرانسفر،رجسٹریاں نوے فیصد بند ہو چکی ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ معاشی بہتری کیلئے حکومت آسان ٹیکس نظام لائے ٹیکس دہندگان کی مشکلات کم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ٹیکسز کی شرح کو کم کیا جائے ،موجودہ ٹیکس نظام کافی پیچیدہ اور مشکل ہے جو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے زیادہ سازگار نہیں ہے. نائب صدر میاں یسین نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے حکومت ٹیکس کا ایک آسان نظام وضع کرے جو ٹیکس ریونیو میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاروباری اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو ۔پاکستان میں ٹیکس کی بلند شرح ٹیکس کلچر کو فروغ دینے اور مزید لوگوں کو ٹیکس کے دائرے میں لانے میں ایک اہم رکاوٹ ہے کیونکہ ٹیکس کی بلند شرح نے ہمیشہ ٹیکس چوری کی حوصلہ افزائی کی ہے۔