بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پہلا ٹیسٹ کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی

18 اگست ، 2024

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ڈھاکا میں ہنگامہ آرائی کے باعث پی سی بی کی دعوت پر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے تین دن قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم نے کہا ہے کہ میں پہلے ٹیسٹ کے لئے مکمل فٹ ہوں بنگلہ دیش اے کی جانب سے بارش کی وجہ سے ہمیں پہلے دو روز پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا تھا۔صرف ایک نیٹ سیشن ہوا تھا۔میں انگلی کی تکلیف کے سبب دوسری اننگز میں بیٹنگ نہیں کرسکا لیکن میں پہلا ٹیسٹ کھیلوں گا،ابھی تک بہت اچھا رہا ہے گوکہ یہ میچ ہمارے حق میں نہیں رہا۔ موسم بھی رکاوٹ بنا۔پاکستان شاہینز بہت اچھا کھیلی خصوصاً عمرامین کی بیٹنگ بہت اچھی رہی۔پاکستان شاہینز کے بولرز نسیم شاہ اور محمد علی کی کارکردگی بھی اچھی رہی۔ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں جنہیں یقیناً سیکھنے کا موقع ملا ہوگا۔