پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف کیس سے دہشت گردی دفعہ ختم، مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں منتقل

18 اگست ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف درج مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ ختم کرتے ہوئے کیس علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں منتقل کر دیا۔ مری پولیس نے 14 اگست کی رات کو جی پی او چوک پر مقامی ہوٹل کے باہر لگے سیاسی رہنمائوں کے بورڈ پر جوتے پھینکنے، توڑ پھوڑ، نعرے بازی کرنے اور دیگر الزامات کے تحت دہشت گردی سمیت مختلف سنگین الزامات کے تحت درج مقدمہ میں دس ملزمان عمر فاروق، محمد رومان، ریحان احمد، محمد نبیل، محمد ریحان، محمد نذیر، آصف عثمان، مصطفٰی اور محمد زعفران کو حراست میں لیکر عدالت میں پیش کرتے ہوئے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ۔وکلاء صفائی ملک رضوان اختر اور محمد فیصل ملک وغیرہ نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مقدمے کو ذاتی عناد اور سیاسی مخاصمت کا نتیجہ قرار دیا۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کی بحث سننے کے بعد مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کرتے ہوئے کیس علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں منتقل کر دیا۔