پانچ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کارروائی، متعدد تعمیرات مسمار، سر بمہر

18 اگست ، 2024

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انفورسمنٹ سکواڈ نے راولپنڈی میں 5غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے مین گیٹ، سائٹ دفاتر ، باؤنڈری والز، روڈ ڈیوائیڈرز اور سٹریٹ لائٹس کو سر بمہر و مسمار کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڑی کنزہ مرتضی نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ یہ سکیمیں موضع سہل، راجڑ، مجاہد، کولیاں حمید اور چاکرہ تحصیل و ضلع راولپنڈی میں واقع ہیں ۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مین گیٹ، سائٹ دفاتر ، باؤنڈری والز، روڈ ڈیوائیڈرز اور سٹریٹ لائٹس کو سیل اور مسمار کیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر دھوکہ دہی کی روک تھام اور شہریوں کو استحصال سے بچانے کے لیے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کی جانب سے زمینوں پر غیر قانونی قبضوں سے متعلق عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور زمینوں پر زبردستی قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آرڈی اے عوام کو مطلع کرنے کے لئے باقاعدگی سے پریس ریلیز جاری کرتا ہے اور شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔ اس کے علاوہ عوام کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ آر ڈی اے ویب سائٹ (www.rda.gop.pk) دیکھیں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔