انجینئرنگ کونسل انتخابات، پونے 3لاکھ انجینئرز آج حق رائے دہی استعمال کرینگے

18 اگست ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنےنامہ نگار سے) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کیلئے میدان سج گیا، پونے 3 لاکھ انجینئرز آج (اتوار کو) اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ چیئرمین، سینئر وائس چیئرمین، چار وائس چیئرمینوں سمیت کونسل کے 40 گورننگ باڈی کے ممبران کا انتخاب ہوگا۔ پی ای سی انتخابات کیلئے ملک بھر میں 155 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ چیئرمین پی ای سی کیلئے 11، سینئر وائس چیئرمین کیلئے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔ وائس چیئرمین پنجاب اور وائس چیئرمین خیبر پختونخوا کیلئے 10، 10 امیدوار جبکہ وائس چیئرمین سندھ اور وائس چیئرمین بلوچستان کیلئے 5، 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین کیلئے اصل مقابلہ نجیب ہارون، جاوید قریشی، وسیم نذیر اور اشفاق شاہ کے درمیان ہوگا۔ 2 لاکھ 81 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔