مسلح افراد نے دھاوابول کر پولیس کی زیرحراست ملزم کو چھڑوا لیا

18 اگست ، 2024

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پولیس کے زیر حراست ملزم کو چھڑوانے کے لئے مسلح ملزموں نے دھاوابول دیا۔کانسٹیبل کی یونیفارم پھاڑدی ،نقدی ،شناختی کارڈ وغیرہ چھین لیا اور زیرحراست ملزم کو چھڑواکرہمراہ لے گئے ۔ تھانہ نیوٹاؤن کو اے ایس آئی محمدطیب شبیر نے بتایاکہ ڈبل روڈ پر عملہ کے ہمراہ نبیل کو شراب کی 2عدد بوتلوں سمیت قابو کرلیا۔ اسی اثنا میں 8سے 10 افراد للکارتے ہوئے آگئے جنہوں نے نبیل کو چھڑانے کیلئے دست و گریبان ہو کر مزاحمت شروع کر دی ۔ مزید نفری آنے پر ہم نے محمد یونس،تیمور احمد عباسی، محمد یاسرکو قابو کر لیا۔ محمد یونس سے پسٹل 30 بور5 ضرب روند برآمد ہوئے ۔ ملزموں نے بتایا کہ ہمارے ہمراہ انضمام الحق نے پسٹل پکڑا ہوا تھا اور فائر مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا،فاروق خان عرف بلا نے کانسٹیبل وقاص کی دوران مزاحمت شرٹ پھاڑی ،خالد محمود عباسی اور چار نامعلوم ملزمان نے مزاحمت کی جب کہ دوران مزاحمت انضمام الحق نے کانسٹیبل وقاص کا پرس نکال لیا جس میں شناختی کارڈ، پانچ ہزار چھ سوروپے دیگر کاغذات تھے ۔نبیل کو نامعلوم افراد لے کر فرار ہو گئے۔