لبنان،اسرائیلی حملوں میں10افراد شہید، حزب اللہ کے اسرائیل پر50میزائل فائر

18 اگست ، 2024

بیروت (اے ایف پی) لبنان کی وزارت صحت نے گزشتہ روزکہا کہ جنوبی لبنان میں جمعہ کی شب اسرائیلی فضائی حملے سے وادی الکفور میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جس کے جواب میں گزشتہ روز حزب اللہ نے اسرائیل پر 50میزائل داغ دئیے۔اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا کہ حزب اللہ گروپ نے تقریباً 50میزائل بالائی الجلیل کے ان قصبوں کی طرف داغے جن کو ابھی تک خالی نہیں کیا گیا تھا۔ اسرائیلی حکام نے بالائی الجلیل کے رہائشیوں کو پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔انتباہات کے جاری ہونے کے بعد صفد کے علاقے میں میزائلوں کو روکا گیا۔ جنوبی لبنان سے اسرائیل کی طرف میزائلوں کی بمباری جاری ہے۔ یہ حملے اس وقت کئے گئے ہیں لبنان کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ النبطیہ کے علاقے میں حملےسے ہونے والی ہلاکتوں میں ایک خاتون اور اس کے دو بچے شامل ہیں اور پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔