کے الیکٹرک ہر طرح کے امتیازی سلوک، ہراسانی کے خلاف ہمیشہ کھڑا رہے گا، سی ای او

18 اگست ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کا ادارہ ہر طرح کے امتیازی سلوک اور ہراسانی کے خلاف ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ کے الیکٹرک کے سی ای او نے اپنے بیان میں کہا کہ کےالیکٹرک کو ان خواتین پر فخر ہے جن کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قابلیت ہمیں ہر روز روایتی طور پر مردوں کے لئے مخصوص سمجھے جانے والے توانائی کے شعبے کو نئی منزلوں کی جانب گامزن کرنے کی راہ دکھاتی ہیں، بدقسمتی سے اتھارٹی میں موجود بعض افراد کے حالیہ ریمارکس، جو ہماری ایک ساتھی کے بارے میں ان کی غیر موجودگی میں دیئے گئے! نہ تو کسی منتخب عہدے پر موجود شخص کے شایان شان ہیں اور نہ ہی ان اقدار کے مطابق ہیں جن کی ہم بحیثیت کمپنی یا سوسائٹی پاس داری کرتے ہیں-