کئی شہروں سے بارشی پانی بروقت کلیئر کیوں نہیں ہوا؟ وزیر اعلیٰ مریم کا نوٹس

18 اگست ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختلف شہروں میں بارشی پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نکاسی آب فوری مکمل کرنے اورڈپٹی کمشنرز کو مانیٹرنگ کی ہدایت کردی،-انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنا ئی جائے۔سڑکوں بازاروں، گلی محلوں میں کھڑے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے، عوام کو کسی بھی قسم کی دقت نہ اٹھانی پڑے ،وزیراعلی ٰنے ندی نالو ں میں طغیانی کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ،ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں رود کوہی کے خطرات کے پیش نظر بروقت حفاظتی اقدامات کاحکم دیا اورسیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے- وزیر اعلیٰ نے مختلف اضلاع میں زیر آب آنے والے نشیبی علاقوں کے مکینوں کی معاونت کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ نارووال، سیالکوٹ، شکر گڑھ سمیت دیگر شہرو ں میں سیلابی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں سے مکینوں کو بروقت ریلیف کیمپوں میں منتقل کیاجائے-دیہات میں مال مویشی بھی سیلاب سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کردئیے جائیں - وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں سانپ کے کاٹنے پر درکار ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے-خدا نخواستہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقو ں میں ٹریفک کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے- ڈپٹی کمشنرزریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی بھرپور مانیٹرنگ کریں ،وزیر اعلیٰ نے مختلف شہروں میں بارشوں سے چھتیں گرنے سے مزدوروں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیاہے-