بھارت نے پیشگی اطلاع دیئے بغیر دریائے راوی،چناب کے اسپل اوورز کھول دیئے،مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت

18 اگست ، 2024

لاہور( نیوز رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے،خصو صی رپورٹر،خبر نگار) بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے راوی اور چناب کے اسپل اوورز کھول دیئے جس کی وجہ سے پاکستان میں سینکڑوں دیہات اور ہزاروں ایکڑ رقبہ زیر آب آ چکا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے بغیراطلا ع دئیے اچانک پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے پاکستان کوہنگامی صورتِ حال کا سامنا ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب پر قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے نتیجے میں پانی کی سطح 2لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 2لاکھ 50ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔دریائے راوی میں جسڑ اورشاہدرہ کے مقام پر 40سے 55ہزارکیوسک پانی کا بہا ئومتوقع ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے نچلی سطح پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے،پی ڈی ایم اے نے علاقہ مکینوں کومحفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔