سر کاری مکان ؛باپ کی ریٹائر منٹ پر بیٹے کو الاٹمنٹ کی شق ختم کرنے کا فیصلہ

18 اگست ، 2024

اسلام آباد(رانا غلام قادر )باپ کی ریٹائر منٹ پر بیٹے کو سر کاری مکان الاٹمنٹ کی شق ختم کرنے کا فیصلہ ،وزارت ہا ئوسنگ نے اکاموڈیشن ایلو کیشن رولز ترمیم ڈرافٹ تیا ر کرلیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارت ہائوسنگ کی ا س تجو یز سے اتفاق کر لیا، ڈرافٹ پر وزارت قانون سے بھی رائے طلب ،زیر اعظم کی منظوری کے بعد رول میں ترمیم کا اطلاق ہو گا۔تفصیلات کے مطابق وزارت ہاوسنگ و تعمیرات نے اسٹیٹ آفس کے پول پر سر کاری مکانوں کی الاٹمنٹ کی پالیسی میں اہم تبدیلی اورا کاموڈیشن ایلو کیشن رولز کے رول15(2)b میں تر میم کا فیصلہ کیا ہے ۔جس پر عملدرآمد کی صورت میں الاٹی کی ریٹائر منٹ پرسرونگ بیوہ یا سرونگ بیٹا یا بیٹی کومکان کی الاٹمنٹ کا استحقاق ختم ہو جا ئے گا۔اس رول کے تحت اگر الاٹی کا بیٹا یا بیٹی اسی مکان کیلئے اہل ہوں تو وہی مکان الاٹ کردیاجا تا ہے یا پھر جس کیٹگری کا وہ استحقاق رکھتے ہوں جو نہی وہ مکان دستیاب ہوگا تو وہ الاٹ کردیا جا تا ہے ،اس وقت تک ا س مکان سے بیدخل نہیں کیا جا تا اور ان سے معمول کا کرایہ وصول کیا جا تا ہے۔یہ شق سرکاری ملازمین کے اس اعتراض کی بنیاد پر ختم کی جا رہی ہے کہ زیادہ سروس والے ملازمین کئی کئی سال انتظار کرتے ہیں ،جن ملازمین کا بیٹا یا بیٹی ملازم ہو انہیں آئوٹ آف ٹرن کم ملازمت پر صرف اس بنیاد پر مکان کی الاٹمنٹ کردی جا تی ہے کہ ان کے والد الاٹی تھے جو دوسرے ملازمین کی حق تلفی کے مترادف ہے۔یہ بھی اعتراض کیا گیا کہ ایسے مکانوں میں اضافی کمرے بھی تعمیر کرلئے جاتے ہیں ،مکان نسل در نسل چلتا ہے ۔ دوسری جانب بعض سر کاری ملازمین اس شق کو بر قرار رکھنے کے حق میں ہیں اور ان کا موقف ہے کہ طویل خدمات کے صلہ میں یہ الاٹی کا حق بنتا ہے کہ اس کا مکان بیٹے یا بیٹی کو ٹرانسفر کیا جا ئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ شق ختم کی گئی تو وہ عدالت جائیں گے۔