مون سون شجر کاری میں بھرپور حصہ لیا جائے، صدر آصف علی زرداری

18 اگست ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم سے کہا ہے کہ مون سون شجر کاری میں بھرپور حصہ لیا جائے۔ سرسبز اور صحت مند مستقبل بنانے کا یہ بہترین موقع ہے۔ اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم 2024ء کے آغاز پر ماحولیاتی تحفظ کی جانب پاکستانیوں کی غیر متزلزل لگن پر تہہ ِدل سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ مہم صرف ایک موسمی اقدام نہیں بلکہ اپنے پیارے ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ اور فروغ کے قومی فریضے کا ایک اہم پہلو ہے۔ صدر نے کہا کہ درخت زندگی کی اساس ہیں، تازہ ہوا فراہم کرتے ہیں، آب و ہوا بہتر بناتے ہیں اور ایک متنوع ماحولیاتی نظام کے قیام میں مدد دیتے ہیں۔ بڑھتے ماحولیاتی مسائل کے پیش ِنظر، شجرکاری کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ پاکستان کے کل رقبہ کا صرف 5فیصد حصہ جنگلات سے ڈھکا ہے۔ لکڑی کی بڑھتی مانگ اور دیگر زمینی استعمالات کے باعث جنگلات پر شدید دباؤ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہوں گا کہ حکومت کمیونٹی کے تعاون کے بغیر جنگلی وسائل کا فروغ اور تحفظ نہیں کرسکتی۔