انٹرنیٹ بندش کیخلاف درخواست،عدالت کا فریقین کو جواب جمع کرانیکا حکم

18 اگست ، 2024

اسلام آباد (جنگ رپورٹر ،آئی این پی ) لاہور ہائی کورٹ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا جس میں انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ کی سست رفتار اور فائر وال کی تنصیب کیخلاف دائر کی گئی درخواست کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت، وزارت اطلاعات اور پی ٹی اے کا ایک ایک نمائندہ آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ہر فریق کا نمائندہ کمرہ عدالت میں حاضری کو یقینی بنائے۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے موبائل ٹیلی فونوں پر انٹرنیٹ کی سست رفتار اور فائر وال(کمپیوٹر نیٹ ورک سکیورٹی سسٹم )کی تنصیب کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کردیاہے،چیف جسٹس عامرفاروق پر مشتمل سنگل بنچ سوموار کے روز کیس کی سماعت کرے گا، جنگ جیو گروپ سے وابستہ سینئر صحافی حامد میر کی جانب سے ہفتہ کے روز دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری آئی ٹی، پی ٹی اے، وزارت انسانی حقوق اور، سیکرٹری داخلہ کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے والی فائر وال کی تنصیب کے عمل کو روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے فائر وال کی تنصیب کے عمل کو تمام اسٹیک ہولڈرز (فریقین )کی مشاورت اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے مشروط قرار دیا جائے،یاد رہے کہ فائر وال بنیادی طور پر ایک کمپیوٹر نیٹ ورک سکیورٹی سسٹم کو کہا جاتا ہے جو انٹرنیٹ ٹریفک کو کسی بھی نیٹ ورک کی حدود کے اندر یا باہر محدود کرتا ہے۔