سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی بشری بی بی کو عدالت پیش کرنے سے معذرت

18 اگست ، 2024

راولپنڈی( نمائند ہ جنگ ،ایجنسیاں) اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بشری بی بی کو عدالت میں پیش کرنے سے معذرت کرلی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے بشری بی بی کیخلاف 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش اور جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو خط لکھ دیا۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے خط میں لکھا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اڈیالہ جیل میں آج سماعت ممکن نہیں، جیل میں 190 ملین پاونڈ کی سماعت بھی ہونی ہے، بشری بی بی کو سکیورٹی وجوہات کے باعث پیش نہیں کیا جاسکتا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے 9مئی مقدمات میں پولیس کی طرف سے بشریٰ بی بی کا ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست پر سماعت 20اگست تک ملتوی کر دی، ملزمہ کیخلاف 9مئی واقعات کے حوالے سے راولپنڈی میں گیارہ اور تھانہ اٹک میں دہشت گردی سمیت مختلف الزامات کے تحت ایک مقدمہ درج ہے  ۔