حکومت کے چینی برآمد کرنیکی اجازت دینے کے اثرات سامنے آگئے

18 اگست ، 2024

اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت کے چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کے اثرات سامنے آگئے۔ جولائی میں سالانہ بنیادوں پر افغانستان کے لئے چینی کی برآمدات میں ایک ہزار نو سو بیاسی فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ماہ افغانستان کے لئے پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات چینی کی رہی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جولائی میں افغانستان کے لئے ایک کروڑ 86 لاکھ ڈالرز کی چینی برآمد کی گئی جبکہ جولائی 2023 میں افغانستان کے لئے9لاکھ ڈالرزکی چینی برآمد کی گئی تھی- ذرائع کا کہنا ہے کہ13جون 2024 سے لیکراب تک چینی کی ریٹیل اوسط فی کلوقیمت میں 4روپے56 پیسے تک اضافہ ہوا۔ ای سی سی نے 13جون2024 کو ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔ ای سی سی کی اجازت کے وقت ملک میں چینی کی اوسط ریٹیل فی کلو قیمت 143روپے15 پیسے تھی۔