منکی پاکس،سخت سکریننگ کا حکم، ہوائی اڈو ں ، بندرگاہوں اور سرحدوں کی بھر پور نگرانی کی جائے، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

18 اگست ، 2024

کراچی ( جنگ نیوز) وزیراعظم نے منکی پاکس کی بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی اور ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدوں پر سخت اسکریننگ کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم انہوں نے اپنے زیرصدارت ایک اجلاس کے دوران دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں آگاہی مہم شروع کی جائے، ہفتہ وار بریفنگ لوں گا۔ انہوں نےاس موقع پر وبا کو روکنے کےلیے صوبائی حکومتوں سےروابط بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی ۔وزیراعظم کے رابطہ کار (کوآرڈینیٹر) نے کہا کہ کسی میں علامات ظاہرہوں تو اسے قرنطینہ ہوجانا چاہیے، وباکے پیش نظر این سی اوسی نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کریگی، اجلاس کو بتایاگیا کہ صوبائی اکائیاں پیشگی حفاظتی اقدامات کر رہی ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ملک کے بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز اور بستر منکی پاکس کے ممکنہ مریضوں کیلئے مختص کردیے گئے ہیں۔